پنجی، 8 جنوری(ایس اونیوز/آئی این ایس انڈیا)گوا اسمبلی انتخابات میں سہ رخی مقابلہ ہونے کا امکان ہے جس میں حکمران بی جے پی، اپوزیشن کانگریس اور نئی دعویدار’’آپ‘‘ایک دوسرے کے خلاف انتخابی جنگ لڑیں گے۔منوہر پاریکر قیادت والی بی جے پی نے مہاراشٹروادی گومنتک پارٹی(ایم جی پی) کے ساتھ اتحاد کرکے 2012میں انتخابات جیتا تھا لیکن اس بار بی جے پی کے اتحادی پارٹیاں ہی اس کے خلاف میدان میں ہوں گی۔اس لئے بی جے پی چار فروری کو مجوزہ اسمبلی انتخابات میں اکیلے ہی جا رہی ہے۔حالیہ اعلان کے مطابق، پارٹی کل 40میں سے 37نشستوں پر امیدوار اتارے گی۔کیتھولک کمیونٹی کے گڑ سال سیٹے تعلقہ کی تین نشستوں پر وہ آزاد امیدواروں کی حمایت کرے گی۔سال 2012میں منوہر پاریکر کو وزیر اعلی کے عہدے کا امیدوار اعلان کرنے کی حکمت عملی سے برعکس بی جے پی نے اس بار کہا کہ منتخب اراکین اپنا لیڈر خود چنیں گے۔بی جے پی نے 35علاقوں میں ’’وجے سنکلپ‘‘ریلیوں کے ذریعے لوگوں تک پہنچنے کی کوشش کی جنہیں وزیر دفاع منوہر پاریکر اور وزیر اعلی لکشمی کانت پارسیکر نے خطاب کیا۔بی جے پی کے پاس مضبوط تنظیمی ڈھانچہ ہے جو زمینی سطح تک پھیلا ہوا ہے۔بی جے پی گوا چیف ونے تندولکر نے حال ہی میں کہا تھا کہ پارٹی کو 26سے زیادہ نشستیں خود جیتنے کا یقین ہے۔انہوں نے کہا کہ ہم گڈ گورننس اور ترقی کے نام پر یہ الیکشن لڑ رہے ہیں،ہم نے لوگوں کو دکھایا ہے کہ بی جے پی کا مطلب ترقی ہے لیکن سیاسی تجزیہ کاروں کے مطابق اگر بی جے پی اپنے حلیف پارٹیاں ایم جی پی سے الگ نہیں ہوئی ہوتی تو اس کے لئے انتخابات جیتنا آسان ہوتا اور اس سے آر ایس ایس کے باغی سبھاش ویلکرکی قیادت والی دیگر سیاسی پارٹی گوا سرکشا منچ کو ابھرنے کا موقع نہیں ملتا۔